سوچ کی غذا

جمعہ، 27 مارچ، 2026

ایران-امریکہ کشیدگی: مذاکرات کی جانب اہم پیش رفت

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اب ممکنہ طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان عملی نوعیت کے مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے اور مختلف نکات پر شرائط کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ اکیسویں صدی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں، براہِ راست ملاقاتوں سے قبل ہی ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے پیش رفت ممکن بنائی جا رہی ہے، جس نے اس عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔

ان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات اس لیے بھی روشن دکھائی دیتے ہیں کہ دونوں فریق کسی حد تک اپنے اپنے اہداف حاصل کر چکے ہیں۔ امریکہ نے اپنی جدید ٹیکنالوجی اور طاقت کا مظاہرہ کر لیا ہے، جبکہ ایران نے مزاحمت، یکجہتی اور استقامت کا ایسا اظہار کیا ہے جو مستقبل میں بھی اس کے لیے ایک مضبوط سفارتی اور نظریاتی سرمایہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اگرچہ انسانی جانوں کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے، لیکن اس کشیدگی کو مزید بڑھا کر انسانی المیے میں تبدیل کرنا کسی طور دانشمندی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زور دیا جا رہا ہے، جس کے مثبت آثار سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

حالیہ پیش رفت میں امریکہ کے صدر کی جانب سے توانائی کی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کو وقتی طور پر مؤخر کرنا اور ایران کی بعض اہم شخصیات کو ہدف کی فہرست سے نکال دینا ایسے اقدامات ہیں جنہیں مذاکرات کی ابتدائی کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے۔

اس تمام صورتحال میں پاکستان نے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں جس کے نتیجہ میں مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کی جانب سے بھی امن کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ مزید برآں، یورپ، امریکہ اور دیگر خطوں میں توانائی کے ممکنہ بحران کے خدشات نے عالمی برادری کو جنگ بندی کے مطالبات پر مزید متحد کر دیا ہے۔

سنجیدہ اور امن پسند قوتیں پاکستان کی تیسری عالمی جنگ کے خدشات کو کم کرنے کی کوششوں پر ستائش پیش کر رہی ہیں اور دنیا میں پاکستان کا ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ خطے کی ایک پراثر ریاست ہونے کا تاثر بھی ابھرا ہے جو خطے اور عالمی سطح پر امن کے لئےامید کی کرن ثابت ہوگی۔

جہاں اس کشیدگی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایک امید افزا صورتحال جنم لے رہی ہے، وہیں یہ حالات یونائیٹد نیشنز جیسے عالمی ادارے کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا رہے ہیں۔ اگر یہ ادارہ دنیا میں طاقت کے توازن اور ریاستی خودمختاری کو یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہے، تو پھر عالمی امن کی نگرانی اور اس کا قیام کیسے ممکن بنایا جا سکے گا؟

موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ تمام فریق ہوش مندی کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کو مزید بڑھانے کے بجائے امن کی راہ اختیار کریں، کیونکہ یہی راستہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔

ہمارے قومی مسائل کا حل کیا ہے؟

میرے نزدیک ہمارے بیشتر مسائل کی جڑ ہماری سوچ ہے، جو عموماً ذات تک محدود رہتی ہے۔ ذاتی مفادات فطری ہیں، مگر خرابی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب انہیں قومی اور اجتماعی مفادات پر فوقیت دی جائے۔ اسی سوچ کے باعث ہم نہ صرف اجتماعی مفاد کو نظر انداز کرتے ہیں بلکہ بسا اوقات اسے نقصان بھی پہنچاتے ہیں، جو ایک قوم بننے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ حقیقی قومی وحدت کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی سوچ بدلیں اور اپنے اندر ملک اور اس کے وسائل کے ساتھ وابستگی اور ذمہ داری کا احساس پیدا کریں۔

میڈیا لنکس

میگزین