سوچ کی غذا

ہفتہ، 11 اپریل، 2026

پاکستان: ایک ریاست نہیں، ایک زندہ مشن ہے

 الحمدللہ!

پاکستان محض ایک ریاست نہیں بلکہ ایک زندہ و متحرک مشن کا نام ہے۔ یہ وہ حقیقت ہے جسے صرف جغرافیائی حدود میں قید نہیں کیا جا سکتا، یہ وہ تصور ہے جو حوصلے کو جِلا بخشتا ہے، جرات کو مہمیز دیتا ہے اور ذمہ داری کا احساس بیدار کرتا ہے۔

آج کے غیر یقینی عالمی حالات میں پاکستان دنیا کو صرف امن کا پیغام ہی نہیں دے رہا بلکہ حوصلے، جرات، تحفظ اور ذمہ دارانہ رویّے کی عملی مثال بھی پیش کر رہا ہے۔ یہ وہ اوصاف ہیں جو کسی بھی قوم کو باوقار اور معتبر بناتے ہیں، اور پاکستان ان صفات کے ساتھ عالمی برادری میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کی مہمان نوازی محض ایک رسم یا روایت نہیں، بلکہ یہ ہماری تہذیب و تمدن کا ایک نمایاں وصف ہے۔ اس کے پسِ پشت ایک طویل تاریخی تسلسل موجود ہے، جو ہماری اقدار، روایات اور فکری پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہی وہ خصوصیات ہیں جو ہمیں دیگر اقوام سے ممتاز کرتی ہیں اور ہماری قومی شناخت کو مضبوط بناتی ہیں۔

ہماری اصل پہچان صرف نعروں یا دعوؤں میں نہیں بلکہ ہمارے نظریے، ہمارے عمل اور ہماری سیاسی بصیرت میں مضمر ہے۔ ایک باشعور قوم وہی ہوتی ہے جو اپنے نظریات پر قائم رہتے ہوئے عملی میدان میں بھی ان کا ثبوت فراہم کرے، اور پاکستان اسی سمت میں گامزن ہے۔

یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک ریاست ہے بلکہ ایک ایسی منزل کا نام بھی ہے جس کی بنیاد بلند مقاصد اور واضح نظریے پر رکھی گئی۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جو قربانیوں، عزم اور استقامت سے عبارت ہے۔

اس وقت پاکستان کا نام عالمی میڈیا کی سرخیوں میں گونج رہا ہے اور دنیا کی سماعت سے بار بار ہمکلام ہو رہا ہے۔ اس گونج میں ایک ایسا دلنشیں لمس شامل ہے جس میں امن کی ٹھنڈک، محبت کی مٹھاس اور مہمان نوازی کی گرمجوشی ایک حسین امتزاج کی صورت جلوہ گر ہیں۔ یہی احساسات عالمی ذہنوں میں پاکستان کا ایک نرم، مثبت اور پُرکشش تاثر اُجاگر کر رہے ہیں—ایسا سافٹ امیج جو محض وقتی نہیں بلکہ دیرپا ہے، اور جس کا عکس رہتی دنیا تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔

آخر میں یہ یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ:
پاکستان زندہ باد تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

ہمارے قومی مسائل کا حل کیا ہے؟

میرے نزدیک ہمارے بیشتر مسائل کی جڑ ہماری سوچ ہے، جو عموماً ذات تک محدود رہتی ہے۔ ذاتی مفادات فطری ہیں، مگر خرابی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب انہیں قومی اور اجتماعی مفادات پر فوقیت دی جائے۔ اسی سوچ کے باعث ہم نہ صرف اجتماعی مفاد کو نظر انداز کرتے ہیں بلکہ بسا اوقات اسے نقصان بھی پہنچاتے ہیں، جو ایک قوم بننے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ حقیقی قومی وحدت کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی سوچ بدلیں اور اپنے اندر ملک اور اس کے وسائل کے ساتھ وابستگی اور ذمہ داری کا احساس پیدا کریں۔

میڈیا لنکس

میگزین