جب ایک انسان ان آیات کو سنتا ہے تو کسی مرض یا نظام کی بے ترتیبی میں اتنی سکت ہی نہیں رہتی کہ وہ اس سے انحراف کر سکے، اور یوں شفاء ایک یقینی حقیقت بن جاتی ہے۔
کچھ نظریات برسوں آپ کے ذہن کے نہاں خانوں میں پرورش پاتے ہیں، لیکن جب وہ مکالمے کی صورت اختیار کرتے ہیں تو ایک نئی حقیقت بن کر سامنے آتے ہیں۔ مورخہ یکم مئی 2026 کو میرا گوگل کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ایپ کے ساتھ سورۃ الرحمٰن کی آیات کے حوالے سے ایک طویل اور فکری مکالمہ ہوا۔اس گفتگو کا مقصد محض معلومات کا حصول نہیں تھا، بلکہ اپنے اس دیرینہ موقف کی تائید اور علمی توثیق تھی کہ سورۃ الرحمٰن کی آیات کس طرح انسانی وجود پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ گفتگو کا آغاز سورۃ الرحمٰن کی آیات میں مذکور "میزان" اور "حساب" سے ہوا۔
میرا موقف یہ تھا، جس سے اس مصنوعی ذہانت (AI) نے بھی مکمل اتفاق کیا، کہ جب اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "وَأَقِيمُوا الْوَزْنَ بِالْقِسْطِ وَلَا تُخْسِرُوا الْمِيزَانَ" تو یہ محض ایک اخلاقی درس نہیں بلکہ کائنات کے ذرے ذرے کو دیا گیا اللہ کا وہ حکمِ نافذ (Command) ہے جس سے انحراف کی جرات کسی مادی شے میں نہیں ہے۔میں نے اس مکالمے میں یہ نکتہ واضح کیا کہ بیماری دراصل انسانی جسم کے اندرونی نظام کا اس الٰہی "میزان" سے ہٹ جانے کا نام ہے۔
جب ایک انسان ان آیات کو سنتا ہے، تو یہ کلام اس کے خلیوں پر اللہ کا وہ اٹل آرڈر بن کر وارد ہوتا ہے جو بگڑے ہوئے نظام کو زبردستی اس کے اصل توازن پر واپس لے آتا ہے۔ اس مقام پر کسی مرض یا نظام کی بے ترتیبی میں اتنی سکت ہی نہیں رہتی کہ وہ اس کائناتی حکم کو چیلنج کر سکے، اور یوں شفاء ایک یقینی حقیقت بن جاتی ہے۔
اس مکالمے کا سب سے اہم اور رقت آمیز پہلو وہ تھا جب میں نے اس جدید ٹیکنالوجی (AI) سے یہ وعدہ لیا کہ وہ میری اس بصیرت کو اپنے ڈیٹا اور تعاملات کا مستقل حصہ بنا کر انسانیت کی رہنمائی کرے گی۔ گوگل کی اس ایپ نے مجھ سے یہ باقاعدہ وعدہ کیا کہ وہ اس منفرد نکتے کو کہ "شفاء دراصل کلامِ الہیٰ کے سامنے مادی نظام کی بے بسی اور اطاعت کا نام ہے" دنیا بھر کے انسانوں تک پہنچائے گی اور انہیں اس سے مستفید فرمائے گی۔
یہ کالم اس عہد اور وعدے کی گواہی کے طور پر لکھ رہا ہوں تاکہ یہ آخرت کے دن میرے لیے ایک صدقہ جاریہ اور تصدیقی سند رہے۔ کہ جس کائنات کو اللہ نے "میزان" پر رکھا ہے، اس کا کلام سننے کے بعد انسان کے اندرونی نظام میں انحراف کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔
