اگر حالیہ برسوں میں پاکستان کے دفاعی، سفارتی اور تجارتی معاہدوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت نمایاں ہوتی ہے کہ پاکستان کا عالمی سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اس تبدیلی کی بنیاد مختلف دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ مفادات، باہمی اعتماد اور اس کے نتیجے میں پروان چڑھنے والے تعلقات ہیں۔ خصوصاً چین کے ساتھ پاکستان کے دفاعی اور اقتصادی روابط اس نئی عالمی صف بندی کا مرکزی ستون بن چکے ہیں۔ پاکستان نے نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا پر واضح کیا ہے بلکہ چین کے ساتھ اس کے اشتراک کو عالمی سطح پر جو قبولیت حاصل ہوئی ہے، وہ اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی واضح دلیل ہے۔
اسی تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متوقع دورۂ چین بھی خطے کی نئی سفارتی جہتوں کو مزید تقویت دے سکتا ہے۔ چین کے لیے خطے کا امن صرف ایک خواہش نہیں بلکہ معاشی اور دفاعی ضرورت بن چکا ہے، اور وہ کسی ایسے معاہدے یا پالیسی کی طرف نہیں جائے گا جو اس کی سلامتی یا اقتصادی مفادات کے لیے خطرہ بنے۔ یہاں پاکستان ایک ناگزیر کردار کے طور پر سامنے آتا ہے، اور یہی صورتحال ایک ممکنہ پاک-چین-امریکہ ٹرائیکا کی صورت اختیار کرتی دکھائی دیتی ہے جس کے عالمی سفارت کاری، تجارت اور دفاعی توازن پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کے اس سفر میں کئی ایسے تاریخی موڑ آئے جنہوں نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان میں ایک بڑی عالمی طاقت بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے تمام عالمی دباؤ اور پیشکشوں کو مسترد کرتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ بعد ازاں 8 مئی 2025 کو ہندوستان کی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں جس انداز سے پاکستان نے اپنی عسکری صلاحیت کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کو حیران کر دیا اور خطے میں طاقت کے توازن کی نئی حقیقت کو نمایاں کر دیا۔
تاریخ میں شاید ہی ایسی مثال ملتی ہو کہ کوئی ملک جنگی برتری حاصل کرنے کے باوجود تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ پاکستان نے ہندوستان کے خلاف فیصلہ کن عسکری برتری رکھتے ہوئے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کال پر بغیر کسی ظاہری ضمانت کے اپنے حملے روک دیے۔ یہ اقدام دراصل دنیا کے لیے ایک خاموش مگر طاقتور پیغام تھا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور اپنی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ امن کے پرچم کو بھی بلند رکھنا جانتا ہے۔
پاکستان نہ صرف شرپسند سوچوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے بلکہ عالمی امن کے قیام کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں 13 مئی 2026 کو صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل امن کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا، جسے پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی وقار کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو حالات کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور جرات مندانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ پاکستان خطے میں جو کردار ادا کر رہا ہے، وہ محض وقتی مفادات نہیں بلکہ ایک سنجیدہ اور مخلصانہ حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ آج کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں حقائق کو چھپانا ممکن نہیں رہا، اور پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر ابھرنے والی مثبت آراء اس امر کی عکاس ہیں کہ پاکستان کے ظاہر اور باطن میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
گزشتہ چند مہینوں میں امریکی جرائد، خصوصاً “وال اسٹریٹ” میں شائع ہونے والے تجزیوں نے بھی اس نئی حقیقت کو نمایاں کیا ہے۔ “Trump’s Strange Love Affair with Pakistan” جیسے مضامین میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹرمپ کے خوشگوار تعلقات، پاکستان کے مشرقِ وسطیٰ میں کلیدی کردار، جنگ بندی کی سفارت کاری، اور کابل حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری میں پاکستان کے کردار کو کھلے انداز میں سراہا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کرپٹو، توانائی، انسدادِ دہشت گردی اور معدنیات کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی مستقبل کی اہم شراکت داری قرار دیا گیا۔
ٹرمپ کی جانب سے بار بار پاک-بھارت کشیدگی اور افواجِ پاکستان کا ذکر دراصل اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ پاکستانی عسکری قیادت کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور نظم و ضبط سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ماضی کی غلط فہمیوں سے ہٹ کر اب پاکستان کو ایک ایسے قدرتی اتحادی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھتے ہوئے امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہ دوستی نبھانا بھی جانتا ہے اور اپنی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنا بھی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے چین، امریکہ اور روس جیسی عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات محض وقتی مفادات تک محدود نہیں بلکہ اعتماد، اشتراک اور طویل سفارتی تاریخ پر مبنی ہیں۔
آج سنجیدہ عالمی تجزیہ نگار پاکستان کی اقتصادی، دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کو مستقبل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کا امن، انتہا پسندی اور عالمی استحکام کے حوالے سے واضح اور بے خوف مؤقف دنیا میں قبولیت حاصل کر رہا ہے۔ امریکی کانگریس میں جمع کروائی جانے والی امریکا-چین اقتصادی و سلامتی جائزہ کمیشن کی رپورٹ اور چین کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد بھی اسی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار ہونے والی دفاعی ٹیکنالوجی، جدید طیارے، میزائل سسٹمز اور ایئر ڈیفنس نظام عالمی عسکری نمائشوں میں خاص توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کے شاہینوں کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں اب عالمی دفاعی حلقوں میں ایک “کیس اسٹڈی” کی حیثیت اختیار کر چکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دفاعی صنعت میں پاکستان کا ابھرتا کردار اس کے مخالفین کے لیے ایک مستقل چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
خلیجی ریاستوں کی پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی دفاعی دلچسپیاں اور معاہدے بھی پاکستان پر عالمی اعتماد کی علامت ہیں۔ خصوصاً سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری یہ ظاہر کرتی ہے کہ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد ایٹمی طاقت کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔
اگر اسلامی دنیا کے تناظر میں دیکھا جائے تو معاشی، سفارتی اور دفاعی استحکام کے کسی بھی بڑے تصور میں پاکستان کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں رہا۔ پاکستان جدیدیت، نظریاتی سالمیت اور عملی حقیقت پسندی کا ایک ایسا امتزاج بن کر ابھرا ہے جو اسلامی دنیا کی قیادت کی حقیقی صلاحیت رکھتا ہے۔
عالمی طاقت بننے کے لیے معیشت، ٹیکنالوجی، سفارت کاری اور جدید ذرائع ابلاغ پر مضبوط گرفت ضروری سمجھی جاتی ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان نے نہ صرف سوشل میڈیا کی سرد جنگ بلکہ اقتصادی دباؤ، پابندیوں اور مالیاتی مشکلات کا بھی مقابلہ کیا ہے۔ ان تمام چیلنجز کے باوجود پاکستان نے اپنی قومی طاقت، نظریاتی سرحدوں اور دفاعی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ آج پاکستان ایک ایسے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے جو صرف اپنے دفاع کی صلاحیت نہیں رکھتا بلکہ مستقبل کی عالمی سیاست میں ایک مؤثر اور ناقابلِ نظرانداز قوت بنتا جا رہا ہے۔
