کامیاب انسانی ماڈل

انسانی تاریخ کی ساری کی ساری سوچ و بچار جس ہستی (محمد ﷺ) کو آج بھی دنیا میں سب سے پر اثر شخصیت مانتی ہے اس کی پیروی کرنے میں ہرج ہی کیا ہے؟ میرے خیال میں تو کامیاب انسانی ماڈل کی اس سے بڑی کوئی دلیل ہو نہیں سکتی۔

سوچ کی غذا

پیر، 9 نومبر، 2026

سبق آموز سیاسی منظرنامہ: تحریکِ انصاف کہاں کھڑی ہے؟

اگر ہم پاکستان کے سیاسی حالات کا جماعتی نمائندگی، سیاسی حکمتِ عملی اور پارلیمانی کارکردگی کے تناظر میں غیر جانب دارانہ جائزہ لیں، تو ایک انتہائی حیران کن صورتِ حال سامنے آتی ہے۔ بالخصوص پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کی موجودہ سیاسی حیثیت، بے اثری اور سرگردانی کو سمجھنے کے لیے گزشتہ تیرہ برس کی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالنا اور ذہن کا "بھیجا" روشن رکھنا شرطِ اول ہے۔

داستان کا آغاز 2013ء کے انتخابات سے کرتے ہیں۔ اس وقت مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی، سندھ میں پیپلز پارٹی جبکہ خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف نے حکومت بنائی۔ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت تھی، مگر تحریکِ انصاف بھی ایک نئی اور نمایاں پارلیمانی قوت کے طور پر ابھری۔

تحریکِ انصاف نے 2014ء میں اسلام آباد میں 126 روز طویل دھرنا دیا۔ انتخابی دھاندلی کے الزامات اور اصلاحات کے مطالبات اس کا ظاہری جواز تھے، تاہم اس جدوجہد میں پارلیمانی اصولوں کے بجائے کسی تیسرے فریق یعنی "امپائر کی انگلی" پر تکیہ کرنے کا تاثر نمایاں ہوا۔ یہی وہ نقطہ تھا جہاں سے سیاست کو ایک سنجیدہ جمہوری عمل کے بجائے "کھیل تماشا" سمجھنے کا تاثر قائم ہوا۔

لیکن حضور! کھیل کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔ وہاں بھی حقیقی فتح کے لیے میدانِ عمل میں اتر کر اپنی صلاحیتیں دکھانی پڑتی ہیں۔ محض امپائر کی انگلی کے اشاروں کا انتظار کرنا صلاحیت نہیں بلکہ سیاسی "سَٹّہ بازی" کے زمرے میں آتا ہے۔ اگر کسی جماعت کی تمام تر حکمتِ عملی پارلیمانی صلاحیت کے بجائے غیبی سہولت کاری پر منحصر ہو، تو جمہوری اصول ہی دم توڑ دیتے ہیں۔

اسی سیاسی محاذ آرائی کے دوران پارلیمان کے فلور پر خواجہ آصف کا عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا گیا جملہ—’’کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے‘‘—سیاسی تاریخ کا یادگار فقرہ بن گیا۔ وقت کا پہیہ گھوما تو اس جملے کا اطلاق اور معنویت بدل گئی، اور آج یہ سیاسی ایوانوں میں ایک نئے تناظر کے ساتھ گونج رہا ہے۔

موجودہ قومی اسمبلی کا منظرنامہ دیکھیے: ایوان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی عددی طاقت تحریکِ انصاف ہے، مگر اپوزیشن لیڈر کا منصب انہوں نے خود محمود خان اچکزئی کے سپرد کر رکھا ہے۔ دوسری طرف، چند محدود نشستوں کی مالک جماعت (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اپوزیشن کی حقیقی اور مؤثر آواز بنے دکھائی دیتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کی مذاکراتی صلاحیت اور مختلف سیاسی دھاروں کو ایک میز پر لانے کی اہلیت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ سیاسی قوت کا پیمانہ صرف نشستوں کی تعداد نہیں ہوتی۔ یہاں تحریکِ انصاف کے لیے ایک سنجیدہ سوال ابھرتا ہے: کیا سیاسی طاقت صرف ممبران کے سر گننے کا نام ہے یا بصیرت، پختگی اور قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا؟

2006ء میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے "میثاقِ جمہوریت" پر دستخط کیے تاکہ غیر جمہوری مداخلت کے راستے بند کیے جا سکیں۔ تحریکِ انصاف اس میثاق کا حصہ نہیں تھی اور اس نے ہمیشہ مفاہمتی سیاست کا مذاق اڑایا۔ مگر وقت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ آج میثاقِ جمہوریت کی دھجیاں اڑانے والی پی ٹی آئی کو خود ایک نئے میثاق کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔

آج مولانا فضل الرحمٰن جب نئے میثاقِ جمہوریت کی تجویز پیش کرتے ہیں، تو تحریکِ انصاف ان کے پیچھے کھڑی نظر آتی ہے۔ جو جماعت کبھی مذاکرات کی دعوتوں کو غرور سے ٹھکرا دیا کرتی تھی، آج وہی مذاکرات اس کی شدید ترین حسرت بن چکے ہیں۔ عددی طور پر بڑی جماعت کا ایک چھوٹی جماعت کے ایجنڈے کے گرد طواف کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ صرف احتجاج اور انتخابی مقبولیت کے بل بوتے پر سیاسی بحرانوں کا حل ممکن نہیں ہوتا۔

2022ء کے منظرنامے پر نظر ڈالیں تو پی ڈی ایم اتحاد نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کی۔ 10 اپریل 2022ء کو 174 ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو آئینی اور پارلیمانی طریقے سے عہدے سے ہٹایا گیا۔

اس کے بعد تحریکِ انصاف نے جس سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کیا، وہ خود ان کے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف تھا۔ انہوں نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے اور جنوری 2023ء میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اپنی ہی حکومتیں غیر آئینی سہولت کاری کی امیدوں پر قربان کر دیں۔

پی ٹی آئی سے بنیادی سوال یہ ہے کہ:

کیا مقبولیت کو پارلیمانی طاقت میں بدلے بغیر ایوان سے بھاگنا دانش مندی تھی؟

کیا استعفوں، اسمبلیوں کی تحلیل اور مسلسل دھرنوں سے کوئی سیاسی مقصد حاصل ہوا؟

کیا اپنی ہر سیاسی ناکامی اور نااہلی کا ملبہ صرف "فارم 47" پر ڈال دینا کافی ہے؟

آج صورتِ حال یہ ہے کہ پچ کے دونوں طرف پی ڈی ایم کے کھلاڑی ہی میچ کھیل رہے ہیں، اور امپائر کی انگلی کی طرف تکنے والے تماش بین بن کر میدان سے باہر بیٹھے اپنے ہی فیصلوں پر پشیمان ہیں۔

سیاست میں مقبولیت کا اصل مقصد انتخابات جیت کر ایوان میں پہنچنا اور قانون سازی و عوامی خدمت کے ذریعے اپنی پزیرائی کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہوتا ہے۔ مگر پی ٹی آئی نے مقبولیت کو محض تماشے اور عہدوں کی بندر بانٹ کے لیے استعمال کیا۔

اس جماعت کا دوسرا بڑا المیہ یہ ہے کہ اس کا تمام تر تشخص ایک ہی شخصیت (بانی پی ٹی آئی) کے گرد اس حد تک محدود ہو چکا ہے کہ جماعت میں کوئی دوسری قیادت یا واضح لائحۂ عمل نظر نہیں آتا۔ بانی پی ٹی آئی اپنی ہی پارٹی میں ایک گمنام پہچان بن کر رہ گئے ہیں اور تنظیمی ڈھانچہ مایوسی کا شکار ہے۔

پیپلز پارٹی کی 2013ء کی مثال سامنے ہے؛ 2008ء سے 2013ء تک مرکز میں رہنے کے بعد وہ کارکردگی میں کمی کے باعث 2013ء میں قومی سطح پر پچھڑ گئی، لیکن پارلیمانی سیاست سے باہر نہیں ہوئی۔ کیونکہ سیاست کی اصل اساس کارکردگی ہوتی ہے، عارضی لاڈ یا غیبی سہولت کاریاں نہیں۔ پی ٹی آئی کے تمام لاڈ ان کی ناقص کارکردگی اور سہولت کاروں کی توبہ کے باعث ختم ہوئے۔

اگر 2018ء میں RTS بیٹھنے کی خوشیاں جائز سمجھی جاتی تھیں، تو 2024ء میں فارم 47 پر دہائیاں دینا اور روٹھے رہنا کوئی وزن نہیں رکھتا۔ اصول اور شفافیت ہر دور کے لیے ایک جیسے ہونے چاہئیں۔

اگرچہ مولانا فضل الرحمٰن آج اپوزیشن کے اہم ترین کھلاڑی ہیں، لیکن حکومت کے ساتھ ان کے شدید اختلافات ان کی اپنی آنے والی سیاست اور اگلے انتخابات کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ حکومت معاشی بحالی اور انتخابی جوڑ توڑ میں مصروف ہے، جبکہ اپوزیشن اپنے ہی بنائے ہوئے گرداب میں الجھی ہوئی ہے۔

آج تحریکِ انصاف ایک تاریخی موڑ پر کھڑی ہے جہاں اسے خود سے یہ سوال پوچھنا ہوگا: کیا وہ صرف انتخابی مقبولیت اور نعرے بازی کا نام ہے؟ کیا وہ صرف ایک فرد کے گرد گھومنے والا ہجوم ہے، یا پھر ایک ایسی ذمہ دار سیاسی جماعت بھی ہے جو پارلیمان میں بیٹھ کر قانون سازی اور جمہوری تسلسل میں اپنا کردار ادا کر سکے؟

مقبولیت کے خمار سے نکل کر حقیقی جمہوری میدان میں واپسی کا راستہ اب بھی وہی ہے: پارلیمانی شرکت، پختہ تنظیم، اجتماعی قیادت اور عملی کارکردگی۔ اگر مقصد صرف تماشہ قائم رکھنا ہے، تو پھر مکافاتِ عمل کے نتائج سے گھبرانا نہیں چاہیے۔ 

شائع ہم سب 9 نومبر 2026 

امپائر کی انگلی سے فارم 47 تک: تحریکِ انصاف کہاں کھڑی ہے؟


میگزین