کامیاب انسانی ماڈل

انسانی تاریخ کی ساری کی ساری سوچ و بچار جس ہستی (محمد ﷺ) کو آج بھی دنیا میں سب سے پر اثر شخصیت مانتی ہے اس کی پیروی کرنے میں ہرج ہی کیا ہے؟ میرے خیال میں تو کامیاب انسانی ماڈل کی اس سے بڑی کوئی دلیل ہو نہیں سکتی۔

سوچ کی غذا

ہفتہ، 7 نومبر، 2026

انسان کے فطری مسلمان ہونے کی سب سے بڑی دلیل

انسان اگر اپنی فطری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کائنات پر غور کرے تو یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ اس نظام میں دو طرح کے قوانین کارفرما ہیں: ایک مادی (Physical) اور دوسرا مابعدالطبیعاتی (Metaphysical)۔ ہر شے کو جوڑا جوڑا بنایا گیا ہے، جو اس فلسفے کی دلیل ہے کہ ہر شے کا وجود نہ صرف اپنے جوڑے کا پتہ دیتا ہے بلکہ کائنات کے ساتھ اس کے گہرے رشتے کو بھی واضح کرتا ہے—ایک ایسا امر جو انسانی عقل، علم اور تجربات سے بلا تردید ثابت ہے۔

اچھائی کی پہچان برائی کے تصور کے بغیر ممکن نہیں، گرمی کا احساس سردی کے بغیر ادھورا ہے، اور صحیح کی شناخت غلط کے بغیر محال ہے۔ اسی طرح تخلیق کی پہچان خالق کے بغیر ناممکن ہے۔ اگرچہ خالق کے وجود کو محض ایک مفروضے کے طور پر لیا جا سکتا ہے، لیکن کائنات کے منظم نظام کے اندر اسے مادی طور پر ثابت کرنا ممکن نہیں۔ اس کائنات کے ان قوانین کو سمجھنے کے لیے انسان کو اپنے بدن سے بڑی کوئی اور دلیل درکار نہیں؛ انسان کی تخلیق میں اس کے مادی وجود کے علاوہ ایک ایسی حقیقت بھی پوشیدہ ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور محال ہے، اور جسے 'روح' کا نام دیا گیا ہے۔ یوں انسانی جسم فزیکل ہے تو روح میٹافیزیکل۔

جوڑے کے اس کائناتی تصور کے تحت ہر ذی شعور کے اندر ایک داخلی ضابطہ موجود ہے، جس سے انکار ممکن نہیں۔ البتہ ان تمام قوانین کے اندر بحثیں اور تاویلیں نکالنا انسانی فطرت کا حصہ ضرور ہے، مگر اس کی حتمی کسوٹی انسانی شعور کی وہ صلاحیت ہے جو انسان کو صحیح اور غلط کے فرق تک پہنچاتی ہے۔ بحث اور مکالمہ اس حق کو جاننے کا بنیادی ذریعہ ہے؛ اور اگر یہ مکالمہ علم، غور و فکر، سچ کی تلاش اور عدل کی بنیاد پر ہو تو انسانی شعور ہر فکری الجھن کا حل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انسان کی فکری صلاحیتوں میں یقین اور مغالطے دونوں کی گنجائش موجود ہے، جو کہ ایک طبعی امر ہے۔ تاہم عقل کا تقاضا یہ ہے کہ یقین کو اس وقت تک مغالطے پر فوقیت حاصل نہ ہو جب تک کہ وہ ٹھوس دلیل میں نہ بدل جائے۔ اسی طرح مفروضے کو امکانات کی حد تک ارتقاء میں مدد کے لیے تو استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن حقیقت کے آشکار ہونے تک محض مفروضے پر اصرار انسانی شعور کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔ کسی بھی مادے یا نظریے کو اس کے اصل مقصد کے ساتھ سمجھنا ہی کائنات کے ارتقائی نظام کو چلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کسی بھی علم کی جانچ کا سب سے بڑا پیمانہ اس کا 'عمل' ہے۔ عمل کے بغیر علم کو کبھی وہ مقام حاصل نہیں ہو سکتا جو ایک باعمل نمونے میں پایا جاتا ہے۔ چونکہ اس کائنات کا پورا نظام عمل کے ساتھ پیوست ہے، اس لیے ہم عمل کو حقیقت سے جدا نہیں کر سکتے۔ کسی بھی فلسفے یا نظریے کے بانی کے عمل کو حتمی کسوٹی مانے بغیر علم کی صداقت یا رد کی بحث ادھوری رہ جاتی ہے۔ انسان اب تک کے علوم میں سب سے اشرف مخلوق ہے، اور کسی بھی نظریے کو اس وقت تک حتمی حیثیت نہیں دی جا سکتی جب تک اس کے پیچھے کوئی عملی نمونہ موجود نہ ہو۔ یہ کائنات محض نظریات کو نہیں بلکہ 'عملی نمونوں' کو تسلیم کرتی ہے، اور یہی عقل و شعور کا صحیح تقاضا ہے۔

انسان کسی بھی شے کو اپنے فطری پیمانوں پر پرکھ کر اس کا معیار طے کرتا ہے، اور یہی تقابلی مطالعہ ہمیں کسی حتمی نتیجے پر پہنچاتا ہے۔ اگر ہم سائنس اور عقلی مفروضوں پر یقین رکھتے ہیں تو ہمیں کسی بھی علم یا نظریے کے انسانی زندگیوں پر پڑنے والے اثرات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ علم اور تجربات کا مقصد انسانیت کی بہتری کے علاوہ اور کیا ہو سکتا ہے؟ ہم کائنات کی کسی حقیقت میں شک یا مغالطہ پیدا کر سکتے ہیں، مگر کسی ایسے انسان کی خدمات سے نظر چرانا جو انسانیت کے لیے رحمت ثابت ہوا ہو، خود انسانیت کے وجود کے منافی ہے۔ اگر ہم اپنی محدود صلاحیتوں سے کائنات کے خالق کو پوری طرح احاطہ نہ بھی کر سکیں، تو اس کائنات کے سب سے بہتر 'انسانی ماڈل' کی پیروی سے بڑھ کر کامیابی کا کوئی اور معیار نہیں ہو سکتا۔ اور یہی ہر انسان کے فطری مسلمان ہونے کی سب سے بڑی اور تسلی بخش دلیل ہے۔ 

میگزین