دراصل اسلام محض چند سزاؤں یا عبادات کے مجموعے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ہمہ گیر ضابطہ حیات ہے جس میں معاشی انصاف، دیانت داری، حقوق العباد، شفاف حکمرانی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار سب یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ جدید ریاستوں میں ان تمام پہلوؤں کو بیک وقت نافذ کرنا واقعی ایک کٹھن مرحلہ رہا ہے۔ مسلم اکثریتی خطوں میں نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج، مساجد کی آبادی اور دینی مدارس کی مکمل آزادی میسر ہے، مگر اس کے باوجود آج کی دنیا میں کوئی ایک بھی ایسا مثالی معاشرہ دکھائی نہیں دیتا جو اسلامی تعلیمات کا عملی نمونہ کہلا سکے۔
حیرت انگیز اور لمحۂ فکریہ پہلو یہ ہے کہ "اسلامی معاشی انڈیکس" اور "اسلامیٹی انڈیکس" جیسے عالمی تحقیقی جائزوں کے مطابق عدل و انصاف، کرپشن سے پاک معاشرے، شفافیت اور انسانی فلاح و بہبود کے اصولوں پر کئی غیر مسلم مغربی ممالک مسلم ریاستوں سے کہیں آگے نظر آتے ہیں۔ قانون کی بالادستی، احتساب اور شہری حقوق کے پیمانے پر آئرلینڈ، آئس لینڈ، نیوزی لینڈ اور ڈنمارک جیسے فلاحی ممالک عملی طور پر ان اصولوں کے زیادہ قریب دکھائی دیتے ہیں، جبکہ مسلم دنیا میں ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور قطر نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اسکینڈینیوین ریاستوں (ڈنمارک، ناروے، سویڈن) اور نیوزی لینڈ و آئرلینڈ میں تعلیم، صحت اور بے روزگاری الاؤنس کا نظام خلافتِ راشدہ کے "بیت المال" کے تصور کی یاد دلاتا ہے، جہاں سرکاری فنڈز میں خرد برد نہ ہونے کے برابر ہے اور عدالت کے سامنے طاقتور اور کمزور برابر ہیں۔ مسلم ممالک میں ملائیشیا جدید معیشت کے ساتھ اسلامی بینکاری اور فلاحی منصوبوں کی بدولت نمایاں ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات اور قطر قانون کی عملداری اور شہری تحفظ میں بہتر درجے پر فائز ہیں۔
اب ذرا اپنے ملک پاکستان کا جائزہ لیجیے۔ یہاں آئین و قانون کی سطح پر کوئی رکاوٹ نہیں؛ بلکہ آئینِ پاکستان اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ لیکن جس مقصد کے لیے یہ خطہ حاصل کیا گیا تھا، دہائیاں گزرنے کے بعد بھی ہم اس کے نفاذ کے لیے تحاریک ہی چلا رہے ہیں۔ قومی مسائل کا حل پوچھا جائے تو ہر زبان پر یہی جملہ ہوتا ہے کہ "سب کا حل اسلامی نظام میں ہے"، مگر کوئی یہ واضح کرنے کو تیار نہیں کہ اس سے مراد عملی تبدیلی ہے یا محض نعرے بازی؟
ہمارے قول و فعل کا تضاد یہ ہے کہ اگر کسی سے دریافت کیا جائے کہ کیا آپ کو اسلامی شعائر پر عمل کرنے سے کسی نے روکا ہے، تو جواب نفی میں ملتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنے پانچ چھ فٹ کے وجود پر اسلام نافذ کرنے کو تیار نہیں، مگر پورے ملک میں اسے نافذ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ یہی وہ اجتماعی مغالطہ ہے جس نے ہمیں یہ باور کرا دیا ہے کہ ساری خرابی صرف "نظام" میں ہے اور ہماری اپنی ذات ہر ذمہ داری سے بری ہے۔ سوال یہ ہے کہ سچ بولنے، دیانت داری برتنے، ملاوٹ سے بچنے اور باہمی معاملات درست رکھنے پر آخر کون سی قانونی پابندی عائد ہے؟
تاریخ گواہ ہے کہ اصلاح کا سفر انسان کی سوچ سے شروع ہو کر اس کے ذاتی کردار تک جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ نے جو کچھ سیکھا، پہلے اسے اپنی ذات پر نافذ کیا، تب جا کر ایک بے مثال معاشرہ وجود میں آیا۔ جب تک کسی اصول کو خود عمل میں نہ ڈھالا جائے، اس کی دعوت بے اثر رہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پورا معاشرہ فرشتہ بن جائے اور ہمیں ہر اصول سے استثنیٰ حاصل رہے—ایسی سوچ کے ساتھ کسی مثبت تبدیلی کی امید رکھنا محض خام خیالی ہے۔
پاکستان میں دینی جذبات یا وسائل کی ہرگز کمی نہیں۔ تقریباً 23 کروڑ 16 لاکھ 80 ہزار کی مسلم آبادی (کل آبادی کا 96.35 فیصد) والے اس ملک میں 36 ہزار 331 دینی مدارس اور 6 لاکھ سے زائد مساجد آباد ہیں۔ 15 دینی تعلیمی بورڈز کے تحت ہر سال ہزاروں علماء فارغ التحصیل ہوتے ہیں، جبکہ صرف وفاق المدارس العربیہ کے ریکارڈ کے مطابق اب تک تقریباً 19 لاکھ 60 ہزار طلبہ و طالبات حفظِ قرآن مکمل کر چکے ہیں اور سالانہ 60 ہزار سے زائد نئے حفاظ کا اضافہ ہو رہا ہے۔ یوں تقریباً 20 لاکھ حفاظ کے ساتھ پاکستان آبادی کے تناسب اور سالانہ تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔ اسی طرح ہر سال تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی حج اور 15 سے 20 لاکھ عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔
عبادات اور دینی اداروں کی یہ وسعت یقیناً قابلِ قدر ہے، مگر افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جن معاملات سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے—یعنی دیانت داری، وعدے کی پاسداری، انصاف، صفائی، قانون کا احترام اور حقوق العباد—وہ ہمارے ہاں ناپید ہوتے جا رہے ہیں۔ ہم پورے ملک میں کوئی ایک بستی بھی ایسی پیش نہیں کر سکے جو عملی اخلاقیات کا نمونہ ہو۔
اصل سوال یہ نہیں کہ قانون کی کتاب میں کیا لکھا ہے یا منبر و محراب پر کس قدر بلند آہنگ نعرے لگائے جا رہے ہیں؛ اصل سوال یہ ہے کہ سچ بولنے، حق ادا کرنے، وعدہ نبھانے، کمزور کا حق دینے اور اپنی ذات کو احتساب کے کٹہرے میں لانے سے ہمیں کس نے روکا ہے؟ جب تک ہم خود اپنے رویوں اور کردار میں ان اصولوں کا زندہ عکس نہیں بن جاتے، تب تک کسی نظام سے معجزے کی توقع محض خود فریبی ہے۔ معاشرے کی تعمیر کاغذوں یا نعروں سے نہیں عمل سے وجود پاتی ہے لہذا نظام کو بدلنے سے پہلے خود کو بدلنا ہوگا
